ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انتخابات سے پہلے ہی مودی نے شکست تسلیم کرلی: رام لنگا ریڈی

انتخابات سے پہلے ہی مودی نے شکست تسلیم کرلی: رام لنگا ریڈی

Tue, 01 May 2018 12:38:25    S.O. News Service

بنگلورو،30؍ اپریل(ایس او نیوز) ریاستی وزیرداخلہ رام لنگاریڈی نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی کا ریاستی دورہ 15؍ دنوں کے بجائے 5؍دنوں تک محدود ہوگیا ہے۔ ایسے لگتا ہے کہ نریندرمودی کو یقین ہوگیا ہے کہ بی جے پی کرناٹک میں جیت درج نہیں کرے گی۔

پریس کلب آف بنگلورو اوربنگلور و رپورٹرس گلڈز کے اشتراک سے ’’پریس سے ملیئے‘‘ پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی کو کرناٹک میں جیت کا بھروسہ نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریاستی بی جے پی صدر بی ایس ایڈی یورپا کو اپنی انتخابی ریلی میں شامل نہیں کیاگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی دورہ کے موقع پر مودی نے کسی بھی انتخابی جلسہ میں ایڈی یورپا کو شامل نہیں کیا ہے۔ اس سے صاف طور پر یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ انتخابات تک ایڈ ی یورپا کو پارٹی میں رکھا جائے گا اور انتخابات کے بعد ایڈی یورپا کو گیٹ پاس دے دیا جائے گا۔ مسٹر ریڈی نے سوالیہ اندازمیں کہا کہ ایل کے اڈوانی کو دھوکہ دینے والے کیا ایڈی یورپا کو دھوکہ نہیں دیں گے۔ مودی اور امیت شاہ کی لہر کرناٹک میں ورک آؤٹ نہیں کرے گی۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ ملک میں جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتیں چل رہی ہیں وہاں جرائم کے معاملات (کرائم ریٹ) میں اضافہ ہی ہونے لگا ہے۔ اس کے برعکس کرناٹک میں جرائم کے معاملات کی شرح میں کافی کمی آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جس وقت ریاست میں بی جے پی برسراقتدار پر تھی اس وقت کرائم ریٹ کی شرح 7؍فیصد تھی ۔ لیکن اب کانگریس کے دور اقتدار کے دوران یہ شرح 5؍ تک گھٹ چکی ہے۔ 2؍ فیصد کرائم ریٹ میں کمی لائی گئی ہے۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ کانگریس ریاست میں برسراقتدار آنے کے بعد کرائم ریٹ میں کمی آنے کے باوجود ریاست میں اقتدار حاصل کرنے کے لئے بی جے پی کانگریس انتظامیہ پر غلط اور جھوٹے الزامات لگاکر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔

مسٹر ریڈی نے بتایا کہ اترپردیش جہاں پر بی جے پی برسراقتدار پر ہے وہاں جرائم کے معاملات میں اضافہ ہی ہونے لگا ہے۔ وہاں بہتر انتظامیہ فراہم کرنے میں ناکام آدتیہ ناتھ یوگی کو ریاست کا دورہ کرواتے ہوئے بی جے پی اُمیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ آدتیہ ناتھ یوگی ریاست کے بی جے پی لیڈرو ں کو عصمت دری کے معاملات میں کس طرح پشت پناہی کی جائے اس کا سبق دیں گے۔ اس کے علاوہ یوگی اپنے دورہ کے دوران کچھ بھی کرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت آئی ٹی ، بی ٹی ، سی بی آئی اداروں کا غلط استعمال کرتے ہوئے ریاستی کانگریس لیڈران کے مکانوں پر چھاپہ ماررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز میں بی جے پی اقتدار پر آئے4؍ برس کاعرصہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک لوک پال جاری کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس کے برعکس کرناٹک میں لوک آیکتہ کے متعلق باتیں کرنے لگے ہیں۔

مسٹر ریڈی نے کہا کہ ریاست کے کسی بھی اضلاع میں بی جے پی کی لہر نہیں دکھائی دے رہی ہے۔ کانگریس امیدواروں کو شکست دینے کے لئے بی جے پی لیڈران ہر دن نت نئے حربے استعمال کرنے لگے ہیں۔ یہ لیڈران کچھ بھی کرلیں کامیاب نہیں ہوں گے۔ رام لنگا ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کے ایڈی یورپا ہو یا جنتادل (سکیولر) کے ایچ ڈی کمار سوامی ہو دونوں ہرگز وزیراعلیٰ نہیں بنیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ریاست کے صرف 2؍ اضلاع میں ہی فرقہ وارانہ فسادات ہوئے تھے۔ بقیہ 28؍ اضلاع میں امن وامان برقرار رکھنے میں کانگریس حکومت کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت ایڈی یورپا کو ٹیپوسلطان کا پیٹھا پہناکر ہاتھ میں تلوار دی گئی تھی اس وقت شوبھاکرندلاجے نے کافی خوشی کا اظہار کیا تھا۔ لیکن جب ٹیپو جینتی کا مسئلہ آیا تو شوبھا کرند لاجے ٹیپو جینتی کی مخالفت کرنے لگی ہیں۔ کہا کہ اقتدار کے لئے کس حدتک انساں گرجاتا ہے اس کا کھلاثبوت شوبھا کرند لاجے ہیں۔ اس موقع پر پریس کلب کے صدر سداشیوشنی ، جنرل سکریٹری کرن کے علاوہ رپورٹرز گلڈ کے عہدیدار بھی موجود تھے۔


Share: